Wednesday, December 4, 2024
homeہندوستاناب یوگی کے وزیر نےلاؤڈاسپیکر سے اذان کے خلاف شکایت کی

اب یوگی کے وزیر نےلاؤڈاسپیکر سے اذان کے خلاف شکایت کی

پہلے الٰہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سنگیتا شریواستو نے بوقت فجر لاؤڈاسپیکر سے اذان دیے جانے پر نیند میں خلل پڑنے اور سرد ہونے کی شکایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو خط لکھا تھا، پھر بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے طالب علم کرونیش پانڈے نے لاؤڈاسپیکر سے اذان کے سبب پڑھائی میں دقت کی بات کہی، اور اب یوگی حکومت میں وزیر آنند سوروپ نے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اذان سے انھیں پریشانی ہو رہی ہے۔ 23 مارچ کو لکھے گئے خط میں انھوں نے مساجد پر لگے لاؤڈاسپیکر پر پابندی لگانے کے لیے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھا ہے۔

اپنے خط میں آنند سوروپ نے لکھا ہے کہ مساجد میں نماز کے لیے اذان، دن بھر لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ مذہبی اعلانات، مسجد تعمیر کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی گزارشات کو بہت تیز آواز میں نشر کیا جاتا ہے۔ اس سے طلبا و طالبات کو پڑھنے لکھنے اور بچوں، بوڑھوں و بیمار لوگوں کی صحت پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ عوام کو بہت زیادہ صوتی آلودگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کو لکھے گئے اس خط میں وہ آگے لکھتے ہیں کہ میرے اسمبلی حلقہ میں واقع مدینہ مسجد قاضی پورہ، تھانہ-کوتوالی، بلیا کے نزدیک کئی تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ ان میں سینٹ جوزف، مہرشی ودیا مندر، ستیش چندر مہاودیالیہ وغیرہ میں پڑھائی کرنے والے طلبا کو لاؤڈاسپیکر کی تیز آواز کے سبب پڑھنے میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔ مسجد میں پانچوں وقت نماز کی اذان اور سارا دن دیگر اطلاعات نشر کی جا رہی ہیں، جس سے ہونے والے شور کے سبب یوگا، پوجا پاٹھ اور سرکاری کاموں میں بھی پریشانی ہو رہی ہے۔

یوگی کے وزیر نے اس سلسلے میں عدالت کی جانب سے جاری ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں عدالت کے ذریعہ دی گئی ہدایات اور حکومت کے ذریعہ جاری احکامات پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے مسجدوں میں لگے لاؤڈاسپیکروں کو ہٹوانے کی تکلیف اٹھائیں تاکہ عام لوگوں کے ساتھ ہی بزرگوں کی صحت پر ہونے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ لاؤڈاسپیکر سے اذان دیے جانے کے خلاف پہلے بھی کئی بار آواز اٹھ چکی ہے، لیکن رواں مہینے میں اتر پردیش سے ہی تین شکایتیں انتظامیہ سے کی گئی ہیں، جس سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ کسی منصوبہ بندی کے تحت یہ آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کچھ لوگوں نے ماضی میں مندر میں لگے لاؤڈاسپیکر اور مذہبی تقاریب میں لاؤڈاسپیکر کے استعمال کے خلاف بھی کئی بار آوازیں اٹھائی ہیں، لیکن سیکولر ملک ہندوستان میں مذہبی آزادی کے تحت ان چیزوں پر پابندی نہیں ہے۔ حالانکہ صوتی آلودگی سے بچنے کے لیے لاؤڈاسپیکر کے آواز کی حد طے ہے اور اس سے زیادہ تیز آواز ہونے پر انتظامیہ ایکشن لے سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین