Saturday, July 27, 2024
homeاہم خبریںاوپ انڈیا کی ایڈیٹر کےذریعہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے خلاف توہین...

اوپ انڈیا کی ایڈیٹر کےذریعہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی

مدیر نوپور جے شرما کے متنازعہ بیان کو لے کر سوشل میڈیا پر گرفتاری کامطالبہ،بریلی میں آل انڈیا مسلم جماعت نے درج کرائی شکایت

نئی دہلی ،12دسمبر :۔

دائیں بازو کے نظریات کا حامل اور مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے والا چینل اوپ انڈیا نےہندوتوا ایجنڈاپر مسلسل عمل پیرا ہے ۔ اس چینل کے ساتھ جڑے صحافی بھی اکثر اسلامی تعلیمات اور مسلم شخصیات کے خلاف زہر اگلتے رہے ہیں۔اسلام اور مسلمانوں کے تعلق سے کوئی بھی خبر ہو اسے منفی طریقے سے پھیلانا اور پروپیگنڈہ کرنا اس ویب سائٹ کا خاصہ رہا ہے ۔

گزشتہ دنوں ’اوپ انڈیا‘ کی مدیر نوپور جے. شرما نے بھی ایک انتہائی متنازعہ بیان دیا جس سے سوشل میڈیا پرمسلمانوں میں خاص طور پر ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔

اوپ انڈیا کی مدیر نے ایک انٹرویو کے دوران عظیم صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتیؒ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے انہیں زانی و قاتل قرار دیا۔ اس انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مسلم طبقہ ہی نہیں بلکہ ہندو طبقہ نے بھی نوپور جے شرما کے خلاف سوشل میڈیا پر آواز بلند کی ہے۔ اوپ انڈیا کی صحافی نوپور کی گرفتاری کا مطالبہ بھی زور پکڑنے لگا ہے۔

دراصل اوپ انڈیا کی ایڈیٹر نے صوفیا و اولیا کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوؤں کو بھی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ جیسے صوفیاء نے قتل اور عصمت دری کا نشانہ بنایا ہے۔‘‘ اس انتہائی گستاخانہ بیان کے بعد نوپور جے شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک مہم سی شروع ہو گئی ہے۔ حالانکہ نوپور نے اپنے بیان پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ایک اخبار کے مطابق ضرورت پڑنے پر اوپ انڈیا کی مدیر نے عدالت میں اپنے موقف کا دفاع کرنے کی بات بھی کہی ہے۔

دریں اثناسوشل میڈیا پر نپور جے شرما کے وائرل ویڈیو کے بعد صارفین نے زبر دست تنقید کی ہے ۔ تنقید کرنے والوں میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم عقیدت مند بھی شامل ہیں ۔گولڈن ولاگ نامی صارف نے لکھا کہ ہندو مسلم سبھی اجمیر درگاہ پر جاتے ہیں ،اگر غلط کو غلط بولنے کی ہمت ہے تو بغیر ذات و دھرم کے آگے بڑھ کر آواز اٹھائیے،ایسے نفرتی لوگ توڑ دیں گے انڈیا کو۔اگر ایسے لوگ سدھرے نہیں تو۔اپرنا اگروال نامی صارف نے بھی تنقید کی ہے ۔

اس سلسلے میں اتر پردیش کے بریلی میں آل انڈیا مسلم جماعت کے کارکنان نے تھانے میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مسلم جماعت کے کارکنان پیر کو پولیس اسٹیشن پہنچے اور ان کے خلاف درخواست جمع کرائی۔ جماعت کے قومی صدر مولانا مفتی شہاب الدین رضوی بریلوی کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک ویب سائٹ کی ایڈیٹر نوپور جے۔ شرما نے حضرت خواجہ غریب نواز اجمیر شریف کی شان میں گستاخی کی ہے۔ ان کے اس بیان سے مسلم معاشرے کے کروڑوں لوگوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے۔ مسلم معاشرہ ان کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین