Sunday, September 8, 2024
homeہندوستانبی جے پی ’رام کے نام‘ پر سیاست کر رہی ہے: نریش...

بی جے پی ’رام کے نام‘ پر سیاست کر رہی ہے: نریش ٹکیت

زرعی قوانین کے خلاف ایک طرف تو دہلی بارڈرس پر کسان مظاہرین گزشتہ تقریباً چار مہینے سے دھرنا دیے ہوئے ہیں، اور وہیں دوسری طرف مختلف ریاستوں میں مہاپنچایتوں کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔ اس درمیان شاہجہاں پور ضلع میں ہفتہ کے روز کسان مہاپنچایت ہوئی جس میں بھارتیہ کسان یونین کے صدر نریش ٹکیت نے بی جے پی اور مرکز کی مودی حکومت کے خلاف زبردست حملہ کیا۔ نریش ٹکیت نے الزام عائد کیا کہ شری رام کے نام پر حکومت بنانے والی بی جے پی ان کے اصولوں پر چلنے کے بجائے رام کے نام پر سیاست کررہی ہے۔

شاہجہاں پور کے کھٹار واقع گٹیا میں منعقد کسان پنچایت سے خطاب کرتے ہوئے نریش ٹکیٹ نے کہا کہ ’’حکومت کسانوں کے ساتھ جو دھوکہ دہی کی سیاست کررہی ہے، اسے اب کسان سمجھ چکا ہے۔ بی جے پی کے قول وفعل میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ یہ لوگ اپنی زبان سے ہمارے بزرگوں رام چندر جی کا نام نہ لیں۔‘‘ انہوں نے بی جے پی سے تاکیداً یہ بھی کہا کہ ’’رام کا اگر نام لے رہے ہو تو ان کے اصولوں پر چلنا بھی چاہیے۔‘‘

نریش ٹکیت نے مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے رام چندر جی کے نام سے حکومت بنائی اور آج بھی انہیں کے نام پر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر گجرات میں قتل عام کروانے کا الزام بھی لگایا اور دعوی کیا کہ گودھرا واقعہ انہیں کی سبب ہوا۔ کسان لیڈر ٹکیت نے مظفر نگر میں ہوئے فسادات کا الزام بھی بی جے پی پر لگاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم مظفر نگر کے فسادات کے گواہ ہیں۔ گواہی کے طور پر ہم نے وہاں دیکھا ہے کہ کس طرح سے بی جے پی کے ذریعہ ہندو-مسلمان کی کھائی پیدا کرکے سیاست کی جارہی ہے۔‘‘

نریش ٹکیت نے مہاپنچایت میں پہنچے کسانوں کا شکریہ اداکرتےہوئے کہا کہ گیہوں خرید سے لے کر کسانوں سے متعلق سبھی مسائل کے تصفیہ کے لئے وہ ہمیشہ کسانوں کے ساتھ ہیں۔ ان کے ساتھ دھوکہ نہیں کیا جائے گا۔کسی کے بھی ورغلانے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

مہاپنچایت میں بھارتیہ کسان یونین کے راجیش سنگھ چوہان نے بھی کسان مظاہرین کا شکریہ ادا کیا اور اتحاد قائم رکھنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ مہاپنچایت میں موجود کسانوں سے اپنی فصلیں کاٹنے کے بعدہر گھر سے ایک شخص کو غازی پور سرحد پر پہنچنے کی اپیل بھی کی۔ راجیش سنگھ نے ضلع انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر گیہوں خرید میں گڑبڑی ہوئی ،کسانوں کے ساتھ ناانصافی یا دھوکہ ہوا تو افسران کے دفتروں میں گیہوں بھروا دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین