کلکتہ : انصاف نیوز آن لائن
جگن ناتھ مندرکے بعد درگامندر کے منصوبے کے ذریعہ ہندتو حامیوں کو خوش کرنے کی کوشش کے ساتھ ہی ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت نے بنگالی نیشنل ازم کو ایجنڈے کو آگے بڑھاتے آج مغربی بنگال کے تمام سنیما ہالز کے لیے ایک دن میں کم از کم ایک مرتبہ بنگالی فلم دکھانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو نے اپنے احکام میں کہا ہے کہ اگلی ہدایت تک سال بھر اس حکم پر عمل کرنا لازمی ہے۔دن بھر میں کم از کم ایک مرتبہ بنگالی فلم کو ’پرائم ٹائم‘ میں دکھائی جائے۔
ریاستی محکمہ اطلاعات اور ثقافتی امور نے بدھ کو یہ ہدایت جاری کی ہے۔ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام سنیما ہالوں اور ملٹی پلیکسوں میں کم از کم ایک بنگالی فلم کو 365 دن پرائم ٹائم میں دکھایا جانا چاہیے۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ پرائم ٹائم کا مطلب دوپہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک ہے۔ یعنی اس دوران کم از کم ایک بنگالی فلم دکھانا لازمی ہے۔
یہ ہدایت مغربی بنگال فلم ایکٹ 1954 کے مطابق جاری کی گئی ہے۔ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ قانون میں ترمیم کی جائے گی۔ نوبنو نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ ہدایت جاری ہونے کے ساتھ ہی نافذ ہوجائے گا ۔
اسمبلی انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی ہندتو اور بنگالی نیشنل ازم کے نام پر سیاست تیز ہوگئی ہے ۔
بنگالی بولنے والوں پر ظلم کے الزامات کو لے کر ملک کی کم از کم 5-7 ریاستوں میں ہلچل ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےاس پورے مسئلے کو سیاست سے جوڑ دیا ہے۔ترنمول لیڈر ممتا کے حکم پر ترنمول کانگر نے بھی ‘لینگویج موومنٹ پروگرام شروع کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ بنگال کے لوگوں پر مظالم کیونکہ بنگال میں ٹیلنٹ ہے، ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا، “جب بنگالی انگریزوں کے خلاف لڑ رہے تھے، آپ (بی جے پی) کہاں تھے؟ کیا آپ انگریزوں کی دلالی کر رہے تھے؟”
ممتا بنگالی زبان کے حق میں تحریک کو ایک وسیع دائرے میں لے جانا چاہتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پہلے ہی کہہ چکے ہیں، “میں معاشرے کے دانشوروں سے درخواست کروں گا، کھلاڑیوں سے شروع ہو کر آپ کو بھی سڑکوں پر نکلنا چاہیے، سیاسی اسٹیج پر احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں، آپ اپنے طریقے سے احتجاج کریں، مزاحمت کریں اور دکھائیں کہ بنگالی ہمت نہیں ہاریں گے۔”
ترنمول 2026 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف لڑنے کے لیے بنگالی زبان اور بنگالی شناخت کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اس لیے ممتا نے ہر سطح پر ترنمول لیڈروں اور کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ ہر ہفتہ اور اتوار کو زبان کی تحریک کے نام پر جلوس نکالیں اور بی جے پی کے خلاف سیاسی پروگرام کریں۔ اس بار انتظامی سطح پر بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ قبل ازیں، میونسپل حکام کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں مختلف دکانوں اور اداروں میں بنگالی میں لکھے ہوئے سائن بورڈز کو لازمی بنانے کے راستے پر تھے۔ اس بار تمام سنیما ہالوں میں بنگالی فلموں کو لازمی قرار دینے کی بات کہی گئی۔