Thursday, April 3, 2025
homeاہم خبریںوائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر، صدر ٹرمپ نے سعودی سفیر شہزادی ریما...

وائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر، صدر ٹرمپ نے سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر کا استقبال کیا

وائٹ ہاؤس:
امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر السعود نے صدر ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ہونے والے افطار ڈنر میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہزادی ریما بنت بندر السعود کا استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم اپنی مسلمان کمیونٹی سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں اور ہماری انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے جو تاریخی ابراہم معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے جس کے بارے میں سب کا خیال تھا کہ یہ ناممکن ہو گا۔ ہم پوری دنیا میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیسا کہ ہم اسلام کے مقدس مہینے رمضان کے اختتام کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ اس وقت ہمارے بہت سے بین الاقوامی شراکت دار موجود ہیں جن میں سعودی عرب کی سفیر برائے امریکہ شہزادی ریما بنت بندر بھی شامل ہیں۔‘

انہوں نے شہزادی ریما بنت بندر السعود کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب میں شہزادی ریما بنت بندر کے علاوہ دوسرے عرب ممالک کے سفرا بھی شریک ہوئے جن میں متحدہ عرب امارات، مصر اور اردن کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

بعدازاں شہزادی ریما بنت بندر السعود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’امریکی صدر کی میزبانی میں افطار ڈنر میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا، اس کے لیے ان کی طرف سے دعوت اور مسلم برادری کے لیے نیک خیالات پر ان کی مشکور ہوں۔ یہ دوستی اور باہمی تعاون کے اس جذبے کا ایک ثبوت ہے جو ہماری قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔‘

متعلقہ خبریں

تازہ ترین