نئی دہلی ،15 مارچ :۔
شہریت ترمیمی قانون کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد جہاں ملک کا انصاف پسند اور طلبا تنظیمیں احتجاج کر رہی ہیں اور ملک کا مذہبی اور سنجیدہ طبقہ بھی اس امتیازی سلوک کرنے والے قانون کے نفاذ پر گہرے تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔ کیرالہ کے مفتی شیخ ابوبکر احمد نے بھی اس متنازعہ اور امتیازی سلوک کرنے والے قانون پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ حالیہ دنوں میں سی اے اے کے نفاذ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، اورساتھ ہی خواہش ظاہر کی ہے کہ مرکز اس فیصلے پر غور کرے۔
گزشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ، جو مذہب کو شہریت کے معیار کے طور پر استعمال کرتا ہے، بنیادی طور پر آئین میں درج اصولوں سے متصادم ہے۔مفتی اعظم نے کہا، “اس طرح کی قانون سازی کی توثیق کرکے، ہم اتحاد اور سالمیت کو فروغ دینے کے بجائے اپنے شہریوں میں تقسیم کے بیج بونے کا خطرہ مول لیتے ہیں، جو ہماری قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔”
رپورٹ کے مطابق انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ واقعی ستم ظریفی ہے کہ جب ہندوستان عالمی میدان میں اپنی موجودگی قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ایسے ماحول میں مذہب اور شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کرنے والا قانون نافذ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی ساکھ کو داغدار کرنے اور شمولیت اور تکثیریت کی اقدار کو کمزور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لہذا، میں مرکزی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ CAA پر اپنے موقف پر نظر ثانی کرے اور اس تفرقہ انگیز قانون سازی کو واپس لینے کے لیے اقدامات کرے۔