انصاف نیوز آن لائن
تری پورہ میں ایک بار پھر مسلمانوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔فاٹیکروئے ضلع کے سیدرپارہ،شمتلہ علاقے میں مسلمانوں کے خلاف تشدد پھوٹ پڑا۔ فسادیوں نے مسلمانوں کے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق، شرپسندوں کے ایک گروپ نے ہفتے کی صبح سے ایک منصوبہ بند حملہ کیا۔ لکڑی کی دکان اور کئی گھروں کے سامنے بھوسے کے ڈھیر راکھ ہو گئے۔ جھڑپوں میں متعدد مکانات اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی اور متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون سے نگرانی کی جارہی ہے۔انتظامیہ نے آئی پی سی کی دفعہ 163 کے تحت علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا۔ پورے اناکوٹی ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات 48 گھنٹوں کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش رائے نے کہا کہ شرپسندوں نے جان بوجھ کر علاقے میں گھس کر املاک کو آگ لگا ئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو فوری طور پر تعینات کر دیا گیا ہے اور سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دس افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، اور پولیس قانون کے مطابق سخت کارروائی کر رہی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تشدد کا آغاز مبینہ طور پر پوجا کے عطیات کے تنازع سے ہوا تھا۔ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب ایک ڈرائیور نے مطلوبہ رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا اور اس کے بعد ہی آتش زنی اور پرتشدد جھڑپوں میں بدل گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تنازعہ فرقہ وارانہ رخ اختیار کرنے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں جس کے نتیجے میں آتش زنی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے۔ کئی املاک کو نقصان پہنچا، اور چند گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر کمار گھاٹ سب ڈویژن میں 48 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے کے سلسلے میں کم از کم آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مرکزی فورسز نے علاقے میں فلیگ مارچ کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال فی الحال قابو میں ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تشدد ہفتہ کو اس وقت شروع ہوا جب لوگوں کے ایک گروپ نے فاٹیکروئے پولیس اسٹیشن حدود کے تحت سیدرپار گاؤں میں لکڑی سے لدی ایک گاڑی کو روکا اور کمیونٹی میلے کے لیے سبسکرپشن کا مطالبہ کیا۔ اس سے دو گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا جو جلد ہی فرقہ وارانہ تصادم میں بدل گیا۔
شمتلہ علاقے میں ایک مسلم خاندان کے ذریعہ مبینہ طور پر چندہ دینے سے انکار کرنے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی، اس کے بعد ہندؤں کے ایک ہجوم نے جمع ہو کر لکڑی کی دکان سمیت املاک کو آگ لگا دی، اور عبادت گاہ میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی جلد ہی ہوئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جیسے جیسے کشیدگی بڑھی، آتش زنی، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی اطلاع ملی، بشمول عبادت گاہ کو نقصان پہنچا، پولیس ذرائع نے بتایا۔
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے، کمار گھاٹ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعہ 163 نافذ کیا۔
