کلکتہ: انصاف نیوز آن لائن
کلکتہ کے معروف ادارے ’’مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک باوقار تقریب میں مغربی بنگال کے ممتاز صحافی مولانا احسن مفتاحی کے نام سے منسوب ایوارڈ یو این آئی (UNI) اردو کے سابق ایڈیٹر عبدالسلام عاصم کو تفویض کیا گیا۔ عبدالسلام عاصم کا صحافتی سفر چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور پروف ریڈر کیا تھا اور ملک کی واحد سہ لسانی نیوز ایجنسی ‘یو این آئی کے اردو شعبے کے ایڈیٹر کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے۔

مسلم انسٹی ٹیوٹ نے اس سال کا ‘شاہ مقبول احمد ایوارڈ پروفیسر و ڈاکٹر عمر غزالی کو دینے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر عمر غزالی (جو کہ محسن کالج ہگلی کے صدرِ شعبہ اردو ہیں) ایک مقبول استاد اور نقاد کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی نگرانی میں اب تک دو درجن سے زائد ریسرچ اسکالرز پی ایچ ڈی مکمل کر چکے ہیں۔ اسی تقریب میں ‘پروفیسر اعزاز افضل ایوارڈ سے محترمہ کوثر پروین کو نوازا گیا۔
ایوارڈ قبول کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عبدالسلام عاصم نے کہا کہ’’یہ میرے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے، کیونکہ مجھے اس عظیم شخصیت کے نام پر ایوارڈ دیا جا رہا ہے جن کا میری زندگی بنانے میں کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر مولانا احسن مفتاحی ایک چشمے کی دکان پر کام کرنے والے لڑکے کی سرپرستی نہ کرتے، تو آج وہ اس مقام پر نہ ہوتے۔ انہوں نے مسلم انسٹی ٹیوٹ کے سابق جنرل سیکریٹری پروفیسر سلمان خورشید کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر عمر غزالی نے ایوارڈ کے لیے انسٹی ٹیوٹ اور اعزازی جنرل سیکریٹری پروفیسر نعیم انیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم انسٹی ٹیوٹ نوجوانوں کی فکری اور علمی آبیاری میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

پروفیسر نعیم انیس نے ادارے کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم انسٹی ٹیوٹ کلکتہ کی مسلم برادری کی تعلیمی اور سماجی زندگی میں ایک متحرک اور مثبت کردار ادا کرتا آیا ہے۔
تقریب کے موقع پر ایک ’’سہ لسانی مشاعرے کا بھی انعقاد ہوا، جس میں اردو، ہندی اور بنگلہ کے نامور شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس تقریب کی صدارت کینیڈا سے تشریف لائے معروف ڈرامہ نگار جاوید دانش نے کی، جبکہ شہر کی دیگر معزز شخصیات بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔
