کلکتہ: انصاف نیوز آن لائن
مغربی بنگال حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک نئی فلاحی اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے تحت 21 سے 40 سال کی عمر کے بے روزگار افراد کو ماہانہ 1500 روپے الاؤنس دیا جائے گا۔ یہ اعلان ریاست کی وزیرِ خزانہ چندریما بھٹاچاریہ نے جمعرات کے روز بجٹ پیش کرتے ہوئے کیا۔
ریاستی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ اس اسکیم کا نام ’بنگلار یووا ساتھی‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت اہل نوجوانوں کو اس وقت تک ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جب تک انہیں ملازمت نہیں مل جاتی یا زیادہ سے زیادہ پانچ برس کی مدت تک۔
چندریما بھٹاچاریہ کے مطابق اگر ترنمول کانگریس آئندہ انتخابات میں دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو یہ اسکیم 15 اگست سے نافذ کی جائے گی۔
مغربی بنگال حکومت نے مالی سال 2026-27کے لیے 4.06لاکھ کروڑ روپے کا عبوری بجٹ پیش کیا ہے، اس میں خواتین، مزدوروں اور نچلی سطح کے کارکنان کے لیے متعدد فلاحی اقدامات شامل ہیں۔
بجٹ میں لکشمی بھنڈار اسکیم کے تحت مستفید خواتین کو بڑی راحت دیتے ہوئے ماہانہ امداد میں 500 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق، یہ اضافہ فروری 2026سے نافذ ہوگا۔
اسی طرح، گیگ ورکرزکو بھی ریاست کی موجودہ سماجی تحفظ اسکیموں، بشمول سواستھیہ ساتھی، میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ میں ’’آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کے ماہانہ الاؤنس میں 1000 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ان کی وفات کی صورت میں اہلِ خانہ کو 5 لاکھ روپےمعاوضہ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اس مد میں مجموعی طور پر 280 کروڑ روپےمختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح،آشا ورکرز کو بھی ماہانہ 1000 روپے اضافی دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جو دیہی علاقوں میں صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
عبوری بجٹ میں سِوک والنٹیئرز اور گرین پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں بھی 1000 روپے ماہانہ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے لیے150کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے بھی خوشخبری سنائی گئی ہے، کیونکہ حکومت نے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) میں چار فیصد اضافےکا اعلان کیا ہے، جو کافی عرصے سے ملازم یونینز کا مطالبہ تھا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بے روزگاری اور سرکاری ملازمین کو نظر انداز کرنے کے الزامات کے پس منظر میں پیش کیا گیا یہ بجٹ، ترنمول کانگریس کی فلاحی سیاست کو مزید مضبوط کرنے اور آئندہ اہم انتخابات سے قبل عوامی حمایت حاصل کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
