Friday, February 6, 2026
homeاہم خبریںمغربی بنگال اسمبلی میں ایس آیی آر کے خلاف ترنمول کی قرارداد،...

مغربی بنگال اسمبلی میں ایس آیی آر کے خلاف ترنمول کی قرارداد، اسپیکر نے بحث کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

اپوزیشن لیڈر شویندو ادھیکاری کا حکومت پر آخری لمحے میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی قرارداد تبدیل کرنے کا الزام

کلکتہ:انصاف نیوز آن لاین
مغربی بنگال اسمبلی میں جمعرات کو ووٹر لسٹوں کی ‘خصوصی گہری نظرثانی’ (SIR) پر مجوزہ بحث کے حوالے سے شدید سیاسی نوک جھونک دیکھنے میں آئی۔ اسپیکر بیمان بنرجی نے اس معاملے پر بحث کرانے سے انکار کر دیا، کیونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت (Sub-judice) ہے۔

حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (TMC) نے SIR کے عمل پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل اس مشق سے ووٹروں کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ تاہم، اسپیکر نے واضح کیا کہ چونکہ معاملہ عدالت میں ہے، اس لیے ایوان میں اس پر بحث نہیں ہو سکتی اور بات چیت صرف گورنر کے خطاب تک محدود رہے گی۔

اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے حکومت پر دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی (BAC) کی قرارداد کو آخری وقت میں بدل دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ “ہمیں صبح بتایا گیا تھا کہ SIR پر بحث ہوگی اور ہم تیاری کر کے آئے تھے، لیکن اب اسے تبدیل کر دیا گیا ہے۔”

اس سے قبل، وزیر پارلیمانی امور شوبھن دیب چٹوپادھیائے نے قاعدہ 169 کے تحت قرارداد پیش کی، جس کی حمایت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی کی۔ چٹوپادھیائے نے الزام لگایا کہ SIR کے عمل سے ووٹر پریشان ہیں اور اس خوف و اضطراب کی وجہ سے 107 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے اسے “ہراساں کرنے والا کمیشن” قرار دیا۔

اسپیکر نے ان تمام دلائل کو مسترد کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ سپریم کورٹ میں معاملہ زیرِ التوا ہونے کی وجہ سے اسمبلی اس پر غور نہیں کر سکتی۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین