Thursday, November 21, 2024
homeاہم خبریںفلسطین کی حمایت میں آسٹریلیائی پارلیمنٹ کی چھت پر مظاہرہ

فلسطین کی حمایت میں آسٹریلیائی پارلیمنٹ کی چھت پر مظاہرہ

مظاہرین نے غزہ جنگ کے خلاف اسرائیل کی مخالفت میں اور فلسطین کی حمایت میں نعرے بازی کی ،پوسٹر اور بینر لہرائے

انصاف نیوز آن لاین

غزہ میں اسرائیل کے ذریعہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف پوری دنیا میں احتجاج وسیع ہوتا جا رہا ہے۔یوروپ اور امریکین یونیور سٹیوں میں احتجاج کے بعد اب آسٹریلیا میں بھی بڑے پیمانے پر اسرائیل کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔آج آسٹریلیا میں اس وقت ہنگامہ خیز ماحول ہو گیا جب فلسطین حامی مظاہرین نے آسٹریلیا میں پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر چڑھ کر مظاہرہ شروع کر دیا اورفلسطین کی آزادی کے حق میں بینرز لہرا دیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی پارلیمنٹ کے سامنے فلسطین کے حامیوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے آزادی فلسطین کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔سیاہ کپڑوں میں ملبوس 4 افراد تقریباً 1 گھنٹے تک آسٹریلوی پارلیمنٹ کی چھت پر کھڑے رہے اور سیاہ بینرز لہراتے رہے جن پر فلسطین کی آزادی سے متعلق نعرے درج تھے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اس موقع پر مظاہرین نے ’فلسطین آزاد ہو گا‘ کے نعرے لگائے اور اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ ہم اسرائیل کی جارحیت کو معاف نہیں کریں گے اور اس بربریت کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔

احتجاج کے دوران چند مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی چھت پر پہنچ کر فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف بینیرز لہرا دیے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ کی چھت پر شدید نعرے بازی کی۔دوسری جانب اپوزیشن ہوم افیئرز کے ترجمان جیمز پیٹرسن نے واقعے کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کے خلاف دنیا بھر میں صیہونی ریاست کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں جن میں بین الاقوامی جامعات کے طلبا سب سے آگے ہیں۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین