کلکتہ : انصاف نیوز آن لائن
مختلف کتابوں کے مصنف ڈاکٹر محمد شمیم اختر قاسمی جو عالیہ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کےطور پر خدمات انجام دے رہے تھے اب ان کی علمی مصروفیات و سرگرمیوں کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے نہیں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدہ پر ترقی دی ہے۔
ڈاکٹر شمیم اختر قاسمی گزشتہ ایک دہائی سے عالیہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر ہیں اور شعبہ دینیات کی مختلف مرتبہ سربراہی کرچکے ہیں ۔انہوں نے سیرت نبوی ؐپر مستشرقین کے اعتراضات پر انتہائی جامع لکھی ہے جو بھارت اور پاکستان سے شائع ہوئی ہے۔اس کے علاوہ قتل بہ جذبہ رحم کے موضوع پر بھی انہوں نے ایک کتاب لکھی ہے۔اس کے ہندوستان میں مسلمانوں کا تعلیمی نظام کے موضوع پرکتاب شائع ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ اب تک شعبہ اسلامک دینیات، عالیہ یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کی دیکھ ریکھ کے لیے عارضی صدور کام کررہے تھے۔ تاہم ایسوسی ایٹ کے عہدے پر ڈاکٹر قاسمی کی ترقی کے بعد انھیں پہلی بار شعبے کا مستقل صدر نامزد کیا گیا ہے، جس کا چارج انھوں نے ڈین، ڈپٹی رجسٹرار، پروفیسر حمیداللہ مراضی وزیٹنگ پروفیسر شعبہ تھیالوجی، سابق ہیڈ ڈاکٹر اشرف علی ندوی،ڈاکٹر منصور حبیب اللہ، ڈاکٹر کمال اشرف، ڈاکٹر امدادحسین، شیخ سیف الدین، عباداللہ طالب علم دیگر اساتذہ اور طلبا وآفس اسٹاف کی موجودگی میں لیا۔

کلکتہ یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے پروفیسر امتیاز وحید نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرمحمد شمیم اختر قاسمی باغ و بہار شخصیت کے مالک ہیں۔ بظاہر دھان پان سے دکھنے والے قاسمی صاحب آہنی عزائم اور غیر معمولی قوت ارادی رکھتے ہیں۔ خالص علمی انسان ہیں۔ ان کی گفتگو کا کوئی پہلو علم و آگہی سے خالی نہیں ہوتا۔ روشن علمی پس منظر رکھتے ہیں۔ ان کی شخصیت کا خمیر بیک وقت دارلعلوم دیوبند اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسی مایہ ناز دانشگاہ سے تیار ہوا ہے۔ اسلامی تھیالوجی اور قرآنی علوم سے ان کی علمی وابستگی اور خدمات کا دائرہ بھی وسیع ہے۔ اپنے طویل تعلیمی سفر میں انھوں نے ایک استاد، محقق، سرپرست، اور گائیڈ کے طور پر شعبہ کی خدمت کی ہے۔ تدریس، ریسرچ اسکالرز کی نگرانی، علمی منصوبہ بندی، ارتباط باہمی اور بین علومی اکیڈمک سرگرمیوں کے فروغ میں ان کے تعاون نے شعبہ کے علمی ماحول کو نمایاں طور پر تقویت بخشی ہے۔
اسلامی تھیالوجی، ہند میں اسلامی تاریخ، تقابلی مطالعہ، قرآنی علوم، سیرت نبوی اور علمی اشراف میں اپنی گہرائی دلچسپی اور علمی مہارت کے لیے مشہور ڈاکٹر محمد شمیم اختر قاسمی نے شعبہ کی علمی سمت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنی علمی و فکری رہنمائی کے ذریعے طلبہ اور اسکالرز کو یکساں طور پرمتاثر کیا ہے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پران کی ترقی ان کی برسوں کی مخلصانہ خدمات، تعلیمی فضیلت اور یونیورسٹی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔
