Thursday, November 21, 2024
homeاہم خبریںمشہور فیکٹ چیکر اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر ’فریڈم...

مشہور فیکٹ چیکر اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر ’فریڈم آف ایکسپریشن ایوارڈ‘سے سرفراز

نی دہلی

آلٹ نیوز کے شریک بانی اور مشہور فیکٹ چیکر محمد زبیر کو ان کی بہترین کارکردگی اور جدوجہد کے لیے جمعہ کے روز ’فریڈم آف ایکسپریشن ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ سال 2023 کے لیے ’انڈیکس آن سنسر‘ کی طرف سے دیا گیا ہے جو کہ صحافت میں اظہارِ رائے کی آزادی کو حوصلہ دینے والا قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : راجستھان انتخاب: ’پرانی پنشن ہم دے سکتے ہیں تو بی جے پی کیوں نہیں‘، پرینکا گاندھی کا مرکز پر حملہ
محمد زبیر کو یہ ایوارڈ دیے جانے کے تعلق سے ’انڈیکس آن سنسرشپ‘ کا کہنا ہے کہ ’’حکمراں جماعت کے بااثر اراکین کی طرف سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات کو چیلنج کرنے کے بعد زبیر کو اہم خطرات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے۔‘‘ واضح رہے کہ انڈیکس آن سینسر شپ لندن میں قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو آزادی اظہار کے لیے مہم چلا رہی ہے۔ اس ادارہ کے مطابق سالانہ فریڈم آف ایکسپریشن ایوارڈز 4 زمروں میں تقسیم کیے جاتے ہیں- آرٹس، مہم، صحافت اور ٹرسٹی۔ یہ ایوارڈ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جو دنیا میں کہیں بھی سنسرشپ کے خلاف اہم اثرات چھوڑتے ہیں۔

بہرحال، صحافت کے لیے ’فریڈم آف ایکسپریشن ایوارڈ 2023‘ ملنے پر محمد زبیر کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’یہ ایوارڈ میرے نوجوان ساتھیوں کے لیے ایک امید کی شمع کے مترادف ہے۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے بہت حوصلہ بخش ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جعلی خبریں اور غلط معلومات ہندوستان میں ایک عفریت کے طور پر پھیلی ہوئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی محمد زبیر نے حقائق کی جانچ (فیکٹ چیکنگ) کرنے والے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔ یعنی جب ان پر حملہ کیا گیا، بہتان لگایا گیا اور یہاں تک کہ ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے پر جیل بھی بھیج دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین