Friday, February 6, 2026
homeاہم خبریںسینکڑوں تعلیمی مراکز قائم کرنے والی بھارتی ٹیچر کو ایک ملین ڈالر...

سینکڑوں تعلیمی مراکز قائم کرنے والی بھارتی ٹیچر کو ایک ملین ڈالر کا گلوبل ٹیچر پرائز

دبیی: انصاف نیوز آن لائین

بھارت سے تعلق رکھنے والی معروف ٹیچر اور سماجی کارکن روبل ناگی کو تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایک ملین ڈالر کا عالمی اعزاز، گلوبل ٹیچر پرائز دیا گیا ہے۔ روبل ناگی نے ملک بھر میں سینکڑوں تعلیمی مراکز قائم کیے ہیں اور کچی آبادیوں کی دیواروں پر تعلیمی میورلز کے ذریعے ہزاروں بچوں تک علم پہنچایا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، روبل ناگی نے یہ اعزاز جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے دوران وصول کیا، جس میں دنیا بھر کے رہنما اور پالیسی ساز شریک ہوتے ہیں۔

روبل ناگی آرٹ فاؤنڈیشن کے تحت اب تک بھارت بھر میں 800 سے زائد تعلیمی مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ ان مراکز کا مقصد ان بچوں کو منظم تعلیم فراہم کرنا ہے جو کبھی اسکول نہیں جا سکے، جبکہ اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں کو بھی تعلیمی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

روبل ناگی نے کچی آبادیوں کی دیواروں پر ایسے تعلیمی میورلز بھی بنائے ہیں جن کے ذریعے بچوں کو خواندگی، سائنس، ریاضی، تاریخ اور دیگر مضامین سکھائے جاتے ہیں۔

یہ عالمی اعزاز وارکی فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جاتا ہے، جس کے بانی معروف ماہرِ تعلیم ”سنی وارکی” ہیں۔ سنی وارکی ہی منافع بخش تعلیمی ادارے جی ای ایم ایس ایجوکیشن کے بانی بھی ہیں، جو مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں درجنوں اسکول چلاتا ہے۔

وارکی فاؤنڈیشن کے بانی سنی وارکی نے اپنے بیان میں کہاکہ

’روبل ناگی تدریس کی بہترین مثال ہیں۔ ان میں جرات، تخلیقی صلاحیت، ہمدردی اور ہر بچے کی صلاحیت پر غیر متزلزل یقین پایا جاتا ہے۔ انہوں نے پسماندہ ترین طبقات تک تعلیم پہنچا کر نہ صرف انفرادی زندگیاں بدلیں بلکہ خاندانوں اور کمیونٹیز کو بھی مضبوط کیا۔‘

روبل ناگی کا کہنا ہے کہ وہ انعامی رقم سے ایک ایسا ادارہ قائم کریں گی جہاں مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم ”اسٹیفانیا جیانینی” نے کہا کہ یہ اعزاز ’ہمیں ایک سادہ مگر اہم حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ اساتذہ کی اہمیت ناقابلِ تردید ہے۔‘

واضح رہے کہ روبل ناگی یہ اعزاز حاصل کرنے والی ”دسویں ٹیچر”” ہیں۔ گلوبل ٹیچر پرائز کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا۔ ماضی میں یہ اعزاز کینیا کے ایک دور دراز گاؤں کے استاد، فلسطین کی ایک پرائمری اسکول ٹیچر، کینیڈا کے ایک استاد، اور گزشتہ برس سعودی عرب کے استاد منصور المنصور کو بھی دیا جا چکا ہے، جو اپنے فلاحی کاموں کے حوالے سے مشہور ہیں۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین