کلکتہ میں مودی کے جلسے سے قبل ہنگامہ! ریاستی وزیر ششی پانجا کے گھر پر پتھراؤ، OC زخمی
کلکتہ :
کلکتہ کے رام لیلا میدان میں وزیر اعظم مودی کے خطاب سے قبل کلکتہ شہر میں بی جے پی کے ورکروں نے غنڈہ گردی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے گریش پارک علاقے میں ریاستی وزیر ششی پانجا کے گھر پر پتھربازی کی ۔ترنمول کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ جب بی جے پی کارکن وزیراعظم نریندر مودی کے بریگیڈ جلسے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، تب انہوں نے یہ حرکت کی۔ وزیر ششی پانجا نے خود پر بھی حملے کا الزام لگایا ہے۔
دوسری جانب، بی جے پی کا جوابی الزام ہے کہ گریش پارک سے گزرتے وقت ترنمول کارکنوں نے ان کی بسوں پر اینٹیں برسائیں اور اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ اس واقعے میں بو بازار تھانے کے او سی (OC) بپادتیہ نسکر زخمی ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے مطابق، شمالی کلکتہ ضلع کے صدر تموگھنا گھوش سمیت کئی کارکن زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

وزیر ششی پانجا کے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ترنمول کارکنوں کا کہنا ہے کہ دوپہر کے وقت بی جے پی کارکنوں کے ایک گروہ نے بریگیڈ جاتے ہوئے وزیر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔ ششی پانجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب بی جے پی کے غنڈوں نے کیا ہے۔ آج جو بسیں بریگیڈ جا رہی ہیں، ان میں اینٹیں، شیشے کی بوتلیں اور بم موجود ہیں۔ وہ بیرونی غنڈوں کو لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے گریش پارک مین روڈ پر واقع میرے گھر پر حملہ کیا ہے۔
ششی پانجا کے مطابق، ان کے گھر کے آس پاس ‘بائیکاٹ بی جے پی کے پوسٹرز اور فلیکس لگے ہوئے تھے۔ بی جے پی کارکنوں نے وہاں سے گزرتے وقت بسوں سے اتر کر وہ پوسٹر پھاڑ دیے۔ جب ترنمول کارکنوں نے دوبارہ وہ پوسٹر لگانے کی کوشش کی تو بی جے پی کارکنوں نے بسوں سے اتر کر مار پیٹ شروع کر دی۔ وزیر نے مزید کہا کہ اسی دوران ان کے گھر پر بھی پتھراؤ کیا گیا جس سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ان کے بقول: “یہ لوگ قتل بھی کر سکتے ہیں، یہ غنڈے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت کا خون کیا ہے۔ ان کی ہمت تو دیکھیے۔

بی جے پی نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترنمول کارکنوں نے ان کی بسوں پر اینٹیں ماریں جس سے شمالی کلکتہ ضلع کے صدر تموگھنا گھوش سمیت متعدد کارکن زخمی ہوئے۔ بریگیڈ جانے والی بسوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس ہنگامے کی زد میں آکر بو بازار تھانے کے او سی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے گریش پارک میں پولیس فورس تعینات ہے۔
