Tuesday, March 10, 2026
homeاہم خبریںممتا بنرجی کا دھرنا ختم: سپریم کورٹ کے حکم کو اپنی جیت...

ممتا بنرجی کا دھرنا ختم: سپریم کورٹ کے حکم کو اپنی جیت قرار دے دیا، الیکشن کمیشن کو سخت وارننگ

ممتا بنرجی کا دھرنا ختم: سپریم کورٹ کے حکم کو اپنی جیت قرار دے دیا، الیکشن کمیشن کو سخت وارننگ
کلکتہ: انصاف نیوز آن لائن

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کی شام میٹرو چینل پر اپنا ”پانچ روزہ دھرنا عارضی طور پر“ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے ووٹر لسٹوں کے تنازع پر دی گئی حالیہ ہدایات اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔ دھرنا ختم کرنے کے فوراً بعد ممتا بنرجی سابق گورنر سی وی آنند بوس سے الوداعی ملاقات کے لیے روانہ ہو گئیں۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ کی مداخلت کو اپنی اخلاقی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”جو دروازہ مضبوطی سے بند تھا، وہ اب تھوڑا سا کھل گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ عوام کو ان کا حق ملے گا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ضمنی فہرستیں شائع کرنے اور اپیلوں کے لیے بنچ تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔

دھرنا ختم ہونے سے قبل ابھیشیک بنرجی نے ڈائس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمارے مطالبات کا نوٹس لے لیا ہے، یہ عوام کی فتح ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ اب ہر ووٹر تک پہنچیں اور ریاست کے 80,000 بوتھوں پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔

دھرنے کے اختتام پر ممتا بنرجی نے پارٹی لیڈروں کو مالی لالچ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل کچھ طاقتیں پیسوں کے زور پر لیڈروں کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
رام کرشن پرم ہنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”پیسہ مٹی ہے”، جو آتا جاتا رہتا ہے، لیکن جو شخص بک جاتا ہے، وہ عوام کی نظر میں ہمیشہ کے لیے ‘غدار’ بن جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی ہمیں خریدنے کی کوشش کرے گا، تو ہم ان پر نظر رکھیں گے۔

دھرنے سے سیدھا ممتا بنرجی سابق گورنر سی وی آنند بوس سے ملنے سرکاری گیسٹ ہاؤس پہنچیں۔ انہوں نے گورنر کو ان کی مدت ملازمت پوری ہونے سے پہلے ہٹانے کو ”ناانصافی“قرار دیا۔ واضح رہے کہ سابق گورنر بدھ کو ریاست سے روانہ ہو رہے ہیں۔

ممتا نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس کی قیمتوں اور پیٹرولیم مصنوعات پر مرکز کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 200 لاکھ کروڑ سے زائد کا قرض لے کر بیٹھی ہے، مستقبل خوفناک ہو سکتا ہے۔”
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مناسب قیمت پر کسانوں سے آلو اور دھان خریدنے کا عمل شروع کر چکی ہے اور مفت اناج کی فراہمی جاری رہے گی۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ کے حالیہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگال کو گالی دینے والوں کی شناخت ضروری ہے۔
سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ ممتا بنرجی کا ‘خرید و فروخت’ والا بیان ان وزراء اور ایم ایل ایز کے لیے ایک کھلا پیغام ہے جو پارٹی سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔ 2026 کے انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس اپنی صفوں کو متحد رکھنے کے لیے ‘نگرانی’ کی حکمتِ عملی اپنا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین