Wednesday, January 7, 2026
homeاہم خبریںSIR کے خلاف ممتا آج سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی، عام...

SIR کے خلاف ممتا آج سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی، عام شہری کی حیثیت سے فریاد کرنے کا اعلان

ایس آئی آر کے خلاف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو وکیل کے طور پر پیش ہوں گی اور نہ ہی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے، بلکہ ایک عام شہری کی حیثیت سے عوام کے حقوق کے لیے فریاد

کلکتہ : انصاف نیوز آن لائن

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ایک عام شہری کی حیثیت سے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔

جنوبی 24 پرگنہ کے گنگا ساگر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خصوصی اجازت لے کر خود عدالت عظمیٰ میں پیش ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس آئی آر کے نام پر عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور زمینی سطح پر صورتحال تشویشناک ہے۔

ترنمول کانگریس کی سربراہ نے الزام لگایا کہ یہ عمل ’’غیر منصوبہ بند، من مانا اور غیر انسانی‘‘ ہے، اس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 70 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ کئی دیگر نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت اور الیکشن کمیشن کو جواب دہ ہونا ہوگا۔

ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور میسجنگ پلیٹ فارمز کا استعمال کر کے لاکھوں ووٹروں کو حقِ رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق 54 لاکھ سے زائد افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ SIR کی مسودہ ووٹر لسٹ میں اپنے نام ضرور چیک کریں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہاکہ آج کل آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے۔ کئی بار آپ دیکھیں گے کہ وہ میں نہیں ہوں، لیکن میری تصویر اور آواز کا استعمال کر کے جھوٹ پھیلایا جاتا ہے۔ جعلی ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں۔ اپنی عقل سے فیصلہ کریں کہ کیا قبول کرنا ہے اور کیا نہیں۔ بی جے پی کے لیے کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔ یاد رکھیں، 54 لاکھ لوگوں کے نام فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔
”انہوں نے مزید کہاکہ اگر کسی قاتل کو بھی وکیل نہ ملے تو وہ خود اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ لیکن یہاں AI کے ذریعے لوگوں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں۔ AI یہ فیصلہ کر رہا ہے کہ کس کا نام بدلا، کس کی شادی ہوئی، اور کون سی لڑکی سسرال گئی۔ AI کے ذریعے ووٹروں کے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایاکہ ’’الیکشن کمیشن واٹس ایپ پر چلایا جا رہا ہے۔ پتہ نہیں انہوں نے واٹس ایپ خرید لیا ہے یا نہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے نکالے جا رہے ہیں۔ اگر عوام کے حقوق چھینے گئے تو آپ بھی ختم ہو جائیں گے۔ یہ بات یاد رکھیں۔”ممتا بنرجی نے کہا کہ بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین اور آکسیجن سپورٹ پر موجود ووٹروں کو بھی سماعت کے لیے بلایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر کو SIR کے پہلے مرحلے کے بعد جاری ہونے والی مسودہ انتخابی فہرست کے مطابق ووٹروں کی تعداد 7.66کروڑ سے کم ہوکر7. 08کروڑ باقی رہ گیا ہے ۔دوسرا مرحلہ 27 دسمبر سے جاری ہے، جس میں1 .67کروڑ ووٹروں کی سماعت جاری ہے۔

ریاست میں 294 رکنی اسمبلی کے انتخابات آئندہ تین ماہ میں متوقع ہیں اور ترنمول کانگریس مسلسل چوتھی مدتِ اقتدارکے حصول کی کوشش کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین