نئی دہلی: کیرالہ ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ جب تک پہلی بیوی کی اجازت نہیں مل جاتی ہے اس وقت تک کوئی بھی مسلم مرد کی دوسری شادی کا رجسٹریشن نہیں ہوسکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ کیرالہ رجسٹریشن آف میرجیز (کامن) رولز 2008 کے تحت پہلی بیوی کو نوٹس دیے اور اس کی بات سنے بغیر رجسٹر دنہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس پی وی کنہی کرشنن نے تبصرہ کیا کہ اگرچہ مسلم پرسنل لاء ایک مرد کو ایک سے زیادہ بیویاں رکھنے کی اجازت دیتا ہے، لیکن یہ حق مساوات اور منصفانہ سماعت کے آئینی اصولوں کو نظر انداز نہیں کرسکتا ہے۔
جج نے زور دیا کہ شادی کی رجسٹریشن ایک قانونی ضرورت ہے اور 2008 کے قواعد کے تحت طریقہ کار کی شفافیت کا تقاضا ہے کہ پہلی بیوی، جس کی شادی ابھی باقی ہے، کو اس کے شوہر کی دوسری شادی کی رجسٹریشن سے پہلے نوٹس جاری کیا جانا چاہیے۔
عدالت نے کہاکہ ’جب کوئی مرد 2008 کے قواعد کے مطابق شادی رجسٹر کرانا چاہتا ہے، تو اسے آئینی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔ جب پہلی بیوی کے ساتھ اس کا ازدواجی رشتہ موجود ہے، تو ایک مسلم مرد 2008 کے قواعد کے مطابق اپنی دوسری شادی کو رجسٹر کرانے کے لیے، پہلی بیوی کو نوٹس دیے بغیراپنی دوسری شادی کا رجسٹریشن نہیں کراسکتا ہے۔
عدالت نے تبصرہ کیا کہ اہم بات یہ ہے کہ اگر پہلی بیوی اس دوسری شادی کی رجسٹریشن پر اعتراض کرتی ہے، اور اسے ناجائز قرار دیتی ہے، تو رجسٹرار کو کارروائی سے گریز کرنا چاہیے اور فریقین کو اپنے پرسنل لاء کے تحت شادی کی قانونی حیثیت ثابت کرنے کے لیے ایک مجاز سول کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دینا چاہیے۔
عدالت نے مزید کہاکہ اگر شوہر پہلی بیوی کو نظر انداز کر رہا ہے یا اس کی دیکھ بھال نہیں کر رہا ہے، یا پہلی بیوی پر ظلم کر رہا ہے اور اس کے بعد اپنے پرسنل لاء کا استعمال کرتے ہوئے دوسری شادی کر رہا ہے، تو پہلی بیوی کو سماعت کا موقع دینا کم از کم اس وقت فائدہ مند ہوگا جب دوسری شادی 2008 کے قواعد کے مطابق رجسٹر کی جا رہی ہو۔
عدالت نے کہا کہ مذہبی آزادی کے نام پر آئینی حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے کہا کہ”جنس میں مساوات ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ مرد خواتین سے بالاتر نہیں ہیں۔ صنفی مساوات صرف خواتین کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔ جیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا، قرآن پاک اور حدیث سے ماخوذ اصول مشترکہ طور پر تمام ازدواجی معاملات میں انصاف، دیانت داری اور شفافیت کے اصولوں کو لازمی بناتے ہیں۔ لہذامیری رائے ہے کہ ”اگر ایک مسلم مرد 2008 کے قواعد کے مطابق اپنی دوسری شادی کو رجسٹر کرانا چاہتا ہے اور اس کی پہلی شادی موجود ہے اور پہلی بیوی زندہ ہے، تو رجسٹریشن کے لیے پہلی بیوی کو اپنی بات کہنے کا موقع ملنی چاہیے۔
تاہم، عدالت نے واضح کیا کہ اگر دوسری شادی پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد ہوئی ہے، تو پہلی بیوی کو نوٹس دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
کیرالہ ہائی کورٹ کے جسٹس پی وی کنہی کرشننن نے کہا کہ ””جنس میں مساوات ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ مرد خواتین سے بالاتر نہیں ہیں۔ صنفی مساوات صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔-
عدالت ایک مسلم مرد اور اس کی دوسری بیوی کی طرف سے دائر کی گئی رٹ پٹیشن کی سماعت کر رہی تھی، جس میں تھرِکّاری پور گرام پنچایت کے ان کی شادی کو رجسٹر کرنے سے انکار کو چیلنج کیا گیا تھا۔
مرد نے پہلے سے شادی شدہ ہونے اور دو بچے کا باپ ہونے کا اعتراف کیا۔اس نے دعویٰ کیا کہ پہلی بیوی کی رضامندی لینے کے بعد اس نے 2017 میں دوسری شادی کی ہے۔ اس کی دوسری شادی سے دو بچے ہیں اور جوڑے نے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور بیوی اور بچوں کا شوہر کی جائیداد پر دعویٰ محفوظ کرنے کے لیے مقامی پنچایت سے دوسری شادی کی رجسٹریشن کی درخواست کی تھی۔ تاہم رجسٹرار نے شادی رجسٹر کرنے سے انکار کر دیا۔رجسٹرار کے فیصلے کے خلاف کیرالہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مرد نے دعویٰ کیا کہ مسلم پرسنل لاء کے تحت، ایک مسلم مرد کو ایک وقت میں چار بیویاں رکھنے کا حق ہے۔ لہذا، رجسٹرار دوسری شادی کو رجسٹر کرنے کا پابند ہے۔
عدالت نے اپنے پچھلے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ قرآن کا جذبہ اور ارادہ صرف ایک شادی کا تھا اور کثیر الازدواجی صرف ایک استثنا تھی، جو صرف اس صورت میں جائز ہے جب شوہر تمام بیویوں کے ساتھ مکمل انصاف کر سکے۔
عدالت نے کہا کہ اگرچہ قرآن دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی رضامندی کی صریحاً کوئی شرط عائد نہیں کی ہے۔تاہم، اس کی رضامندی حاصل کرنا یا کم از کم دوسری شادی کی رجسٹریشن سے پہلے اسے مطلع کرنا انصاف، دیانت داری اور شفافیت کی اقدار کے مطابق ہو گا، جو آئینی اور مذہبی دونوں اصولوں کے لیے مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔
2008 کے قواعد کے رول 11 کا حوالہ دیتے ہوئے، جو رجسٹرار کو یہ تصدیق کرنے کے قابل بناتا ہے کہ آیا کوئی شریک حیات پہلے سے شادی شدہ ہے، عدالت نے تبصرہ کیا کہ اگرچہ رجسٹرار شادی کی قانونی حیثیت کا فیصلہ نہیں کر سکتا، لیکن 2008 کے قواعد کے تحت طریقہ کار کی شفافیت کا تقاضا ہے کہ برابری اور فطری انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے دوسری شادی کو رجسٹر کرنے سے پہلے پہلی بیوی کو مطلع کیا جائے۔
عدالت نے مزید کہاکہ دپہلی بیوی اپنے شوہر کی دوسری شادی کی رجسٹریشن کی خاموش تماشائی نہیں ہو سکتی، اگرچہ مسلم پرسنل لاء ایک مرد کو بعض حالات میں دوسری شادی کی اجازت دیتا ہے۔ پہلا درخواست گزار دوبارہ شادی کر سکتا ہے اگر اس کا پرسنل لاء اسے اجازت دیتا ہے۔ تاہم، اگر پہلا درخواست گزار دوسری درخواست گزار کے ساتھ اپنی دوسری شادی رجسٹر کرانا چاہتا ہے، تو ملک کا قانون غالب رہے گا، اور ایسی صورت حال میں، پہلی بیوی کو سماعت کا موقع دینا ضروری ہے۔ ایسے حالات میں، مذہب ثانوی ہے اور آئینی حقوق سب سے بالا ہیں۔ دوسرے لفظوں میں، یہ بنیادی طور پر فطری انصاف کا بنیادی اصول ہے۔”
مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ایسا موقع فراہم کرنا محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ ممکنہ ناانصافی کے خلاف ایک ضروری حفاظتی اقدام ہے۔
عدالت نے کہاکہ ”جب اس کا شوہر ملک کے قانون کے مطابق اپنی دوسری شادی رجسٹر کراتا ہے، تو یہ عدالت پہلی بیوی کے احساسات کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ مجھے یقین ہے کہ 99.99% مسلم خواتین اپنے شوہر کی دوسری شادی کے خلاف ہوں گی جب ان کا رشتہ اس کے ساتھ موجود ہے۔ وہ شاید معاشرے کے سامنے اس کا اظہار نہ کریں۔ تاہم عدالت ان کے احساسات کو نظر انداز نہیں کر سکتی، کم از کم جب ان کے شوہر دوسری شادی کو رجسٹر کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر پہلی بیوی اس دوسری شادی کی رجسٹریشن پر اعتراض کرتی ہے اور اسے ناجائز قرار دیتی ہے، تو رجسٹرار کو فریقین کو اپنے پرسنل لاء کے تحت اس کی قانونی حیثیت ثابت کرنے کے لیے ایک مجاز سول کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دینا چاہیے۔
عدالت نے واضح کیا،کہ ”رسمی قانون (Customary law) نافذ نہیں ہوتا جب دوسری شادی کو رجسٹر کرنے کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ دوسری شادی رجسٹر نہیں کی جا سکتی، لیکن جب ایک مسلم مرد کی دوسری شادی رجسٹر ہونے والی ہو تو رجسٹرار کو پہلی بیوی کو اپنی بات رکھنے سماعت کا موقع دینا چاہیے۔ مسلم پرسنل لاء کہتا ہے کہ ایک مرد ایک سے زیادہ بیویاں رکھ سکتا ہے، بشرطیکہ وہ ایک سے زیادہ بیویوں کی دیکھ بھال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور اپنی پہلی بیوی کے ساتھ انصاف کر سکے۔”
بالآخر، عدالت نے رٹ پٹیشن کو خارج کر دیا کیونکہ پہلی بیوی کو کارروائی کا فریق نہیں بنایا گیا تھا لیکن درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے لیے دوبارہ درخواست دینے کی اجازت دی، یہ ہدایت کرتے ہوئے کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو پہلی بیوی کو نوٹس جاری کیا جائے۔
عدالت نے آخر میں کہا، ”مسلم خواتین کو بھی سماعت کا موقع ملے جب ان کے شوہر دوبارہ شادی کریں، کم از کم دوسری شادی کی رجسٹریشن کے مرحلے پر۔”
