Sunday, September 8, 2024
homeاہم خبریںشمالی اسرائیل میں پہلی مرتبہ خطرے کے سائرن بجائے گئے --------تل...

شمالی اسرائیل میں پہلی مرتبہ خطرے کے سائرن بجائے گئے ——–تل ابیب کا بن گوریون ہوائی اڈہ بند

شمالی اسرائیل جمعرات کی صبح خطرے کے سائرن کی آواز سے گونج اٹھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حماس تنظیم کے ساتھ جاری عسکری جارحیت شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب شمالی اسرائیل میں سائرن بجائے گئے۔
اس سے قبل غزہ میں حماس تنظیم کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کے سبب جنوبی اور وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے تھے۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق ایک راکٹ تل ابیب کے جنوب میں واقع شہر ریشن لیٹسن میں ایک عمارت پر گرا۔ اسی طرح تل ابیب کے جنوب میں واقع شہر بیتح تکفا میں بھی ایک راکٹ گرنے کی تصدیق کی گئی۔ اس کے نتیجے میں جائے وقوع پر آگ بھڑک اٹھی۔
ہوابازی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی سے داغے جانے والے راکٹوں کے سبب تل ابیب میں بن گوریون ہوائی اڈے آنے والی پروازوں کو جنوب میں رامون کے ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا ہے۔
اسرائیل نے فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے خطرے کے باعث تل ابیب کا بن گوریون ہوائی اڈہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ آج جمعرات کی صبح سے نافذ العمل ہو گا۔ اس دوران میں تل ابیب کی تمام پروازوں کو صحرائے نقب میں واقع رامون کے ہوائی اڈے کی سمت موڑ دیا گیا ہے۔
ادھر العربیہ کے نما ئندے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی کے مزید مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب غزہ کی پٹی میں نئے اہداف پر انتہائی بھرپور حملے کیے ہیں۔ ان اہداف میں حماس کے زیر انتظام حکومتی ادارے شامل ہیں۔ بیان کے مطابق گذشتہ رات 7 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں تین اہداف حی الرمال، بیت لاہیا اور خانیونس میں ہیں۔ ان کے علاوہ داخلہ سیکورٹی کمانڈر کے دفتر پر بھی بم باری کی گئی۔
اسی طرح حماس کے زیر انتظام نیشنل اسلامک بینک کی دو شاخوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ کی پٹی میں عسکری آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 650 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران میں 3 رہائشی ٹاوروں کو تباہ کرنے کے علاوہ 50 سے 70 تک سیاسی کارکنان اور حماس اور جہاد اسلامی تنظیموں کے 10 سینئر ذمے داران کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔
یاد رہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل میں جاری موجودہ جارحیت اور عسکری کارروائیوں میں تیزی سے اضافے کے سبب ایک بھرپور جنگ کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو علی الصبح بتایا کہ پیر کی شام سے اب تک غزہ کی پٹی سے تقریبا 1500 راکٹ اسرائیل کے مختلف شہروں پر داغے جا چکے ہیں۔
راکٹ حملوں میں اب تک اسرائیل میں 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں ایک چھ سالہ بچہ اور ایک فوجی شامل ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعرات کو علی الصبح اپنے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
فلسطینی طبی ذرائع نے بدھ کی شب تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی جارحیت میں اب تک 67 فلسطینی شہید اور 388 زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 17 بچے ، 6 خواتین اور ایک عمر رسیدہ شخص شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین