Saturday, July 27, 2024
homeاہم خبریںپرتاب گڑھ کے معروف عالم مولانا فاروق صاحب کو گولی مارکر...

پرتاب گڑھ کے معروف عالم مولانا فاروق صاحب کو گولی مارکر شہید کردیا گیا

جمعیۃعلماء ہند کے صدر و ناظم عمومی کا اظہار ملال اور پولس انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ

آج 8؍جون 24 :

اتر پردیش ضلع پرتاپ گڑھ کے معروف عالم دین اور جمعیۃ علماء پرتاب گڑھ کے جنرل سکریٹری مولانا فاروق صاحب کو کسی شخص نے ظالمانہ طور پر گولی مار شہید کردیا ہے –

جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم مولانا محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی دامت برکاتہم نے اس افسوسناک واقعہ پر رنج و ملال کا اظہار کیا ہے ۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے بتایا کہ ملت نے ہی نہیں بلکہ ملک نے بھی ایک قابل انسان کھودیا ہے ۔مولانا موصوف اپنے ضلع میں جمعیۃ علماء ہند کے مخلص سپاہی تھے ، آپ کی ایک خوبی یہ تھی کہ لوگوں کے درمیاں صلح کرایا کرتے تھے۔ وہ موٹر سائیکل پر سوار ہوتے اور قریہ قریہ لوگوں کے درمیان صلح جوئی کے لیے سفر کرتے، علاقے میں دینی و اصلاحی سرگرمی میں ہمہ تن مصروف رہتے۔

مولانا مرحوم کی جوویڈیو سامنے آئی ہے ، اس میں ان کے سر سے خون بہتانظر آرہا ہے اور خون سے آلودہ لباس جو سفید تھا ، وہ سرخ ہو گیا ہے۔ جو اس بات پر غماز ہے کہ بڑی بے رحمی کے ساتھ ان کو شہید کیا گیاہے۔

صدر جمعیۃ علماء ہند اور ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے اس اضطراب کے موقع پر اہل خانہ کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے اور پولس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔انھوں نے کہا کہ کسی انسان کا قتل درحقیقت پوری انسانیت کا قتل ہے اور قتل و وحشت انگیزی کے مجرمین کو کسی بھی طرح کھلا چھوڑا جانا قابل قبول نہیں ہے ۔
اس موقع پر صدر جمعیۃعلماء ہند نے جمعیۃ علماء ہند کے احباب و متعلقین اور ارباب مدارس سے مولانا موصوف کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کے ا ہتمام کی اپیل کی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے

متعلقہ خبریں

تازہ ترین