Friday, November 22, 2024
homeاہم خبریںنبی آخر الزماںؐ کی خیالی تصویر شائع کئے جانے سے مسلمانوں میں...

نبی آخر الزماںؐ کی خیالی تصویر شائع کئے جانے سے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ

دیوبند: وسیم رضوی کی قابل مذموم کی حرکت کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں پڑا تھا کہ اب درجہ چہارم کی سوشل سائنس کی کتاب میں نبی کریم ؐ کی خیالی تصویر شائع کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نئے تعلیمی سال کے درجہ چہارم کے کورس میں شامل سوشل سائنس کی کتاب کے صفحہ نمبر 89 پر نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی خیالی تصویر شائع کی گئی ہے۔

ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس سلسلہ میں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں پر امن اور آئینی طریقہ سے دباؤ بنایا جائے کہ وہ مذکورہ کتاب کو نصاب میں شامل نہ کریں۔ مہتمم دار العلوم نے حکومت سے پبلشر اور مصنف کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کتاب پر پابندی کی مانگ کی ہے۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ کچھ لوگ قصداً انجان بن کر اس طرح کے کام کر رہے ہیں، تاکہ ملک و معاشرہ کو انتشار میں مبتلاء کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کو فوراً واپس لیتے ہوئے بین کیا جائے اور حکومت و انتظامیہ کو اس بات کا نوٹس لینا چاہئے کہ اس طرح کی حرکتوں کے پس پشت اصل منشا کیا ہے۔

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی تصویر نہیں ہے اور اسلام میں روز اول سے ہی تصویر کشی کو سخت حرام قرار دیا گیا لیکن مذکورہ کتاب کے پبلشر اور مصنف نے خیالی تصویر بنا کر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں اور ملک کے انصاف پسند عوام سے اپیل کی ہے وہ امن وامان کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں پر دباؤ بنائیں کہ اس کتاب کو نصاب میں شامل نہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین