Friday, October 18, 2024
homeاہم خبریںایران کا اسرائیل پر میزائل سے حملہ۔۔۔ نقصانات کی اطلاع نہیں۔۔اسرائیل کا...

ایران کا اسرائیل پر میزائل سے حملہ۔۔۔ نقصانات کی اطلاع نہیں۔۔اسرائیل کا جوابی کا رروائی کرنے کا اعلان۔۔مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر

ایجنسی :
اسمعیل ہانیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ایرن نے آج اسرائیل پر 80سے زائد میزائل داغے ہیں۔ایران کی کارروائی کے بعد مشرق وسطی کی حالات انتہائی نازک ہوگئی ہے۔جنگ کا دائرہ کار وسیع ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔امریکہ نےجنگ کے سلسلے کو روکنے کے بجائے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کیے ہیں جس کے پیش نظر تمام شہریوں کو بموں سے حفاظت کے لیے بنائے گئے مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں اس وقت مسلسل سائرن بج رہے ہیں جبکہ فضا میں متعدد راکٹوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ایران کے پاسدارن انقلاب نے اسرائیل پر میزائیل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ میزائل حملہ اسماعیل ہنیہ، حسن نصر اللہ اور جنرل نیلفروشان کے قتل کا جواب ہے۔‘

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کی جانب چار سو میزائل داغے ہیں جس کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان میزائلوں میں سے ایک براہ راست عمارت سے بھی ٹکرایا ہے۔

ایران کے پاسدارن انقلاب نے اپنے دوسرے بیان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’ہم نے (اسرائیل) کے تین فوجی بیسز کو تل ابیب کے گرد نشانہ بنایا۔‘اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی افواج کی اسرائیل کی معاونت کرنے اور ایرانی میزائلوں کو مار گرانے کا حکم دیا ہے۔حملے کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس حملے کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اس کے نتائج ہوں گے۔

حالیہ حملے کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والے تنازعے کے لگاتار پھیلاؤ کی مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’یہ رکنا چاہیے۔ ہمیں سیزفائر کی اشد ضرورت ہے۔‘اس سے قبل ایک امریکی اعلیٰ عہدیدار نے منگل کو کہا تھا کہ امریکہ کو ایسے اشارے ملے ہیں کہ ایران بیلسٹک میزائل سے اسرائیل پر حملہ کرنے والا ہے جو ’تہران کی جانب سے رواں سال کیے جانے والے حملے سے بڑا ہو سکتا ہے۔‘

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ’ایران کی جانب سے براہ راست فوجی حملے کے شدید نتائج ہوں گے۔‘جبکہ ایک اور امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’ایرانی حملہ اپریل میں کیے جانے والے ڈرونز اور میزائل حملے جیسا یا ممکنہ طور پر اس سے بڑا ہو سکتا ہے۔‘اے ایف پی کے مطابق ممکنہ ایرانی حملے کے پیش نظر اسرائیل میں امریکی سفارت خانے نے اپنے عملے اور ان کے خاندان والوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہا ہے۔

ہم بیروت یا جنوبی لبنان کے شہروں میں نہیں جا رہے: اسرائیلی فوج

اسرائیل کی فوج نے لبنان میں اپنے زمینی حملوں کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ بیروت اور جنوبی لبنان کے شہروں میں نہیں جا رہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم بیروت یا جنوبی لبنان کے شہروں میں نہیں جا رہے ہیں۔‘اس سے قبل لبنانی تنظیم حزب اللہ نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تل ابیب کے قریب اسرائیل کے خفیہ فوجی اڈے جلیلوت کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ’تل ابیب کے مضافات میں واقعے موساد ہیڈکوارٹر اور فوج کے خفیہ یونٹ 8200 کے جلیلوٹ بیس کو فادی 4 راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔‘

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 20 علاقوں کے رہائیشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا کہا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم آپ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے اور آپ اپنی حفاظت کے لیے گھروں کو فوری طور پر چھوڑ دیں۔‘
’لبنان میں داخل ہونے کا اسرائیلی دعویٰ جھوٹا‘

ادھر حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے لبنان میں داخل ہونے کے دعوے کی تردید کی ہے۔اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ کے چینلز پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’قابض افواج کے لبنان میں داخل ہونے کہ تمام صہیونی دعوے جھوٹے ہیں۔‘حزب اللہ ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’اب تک حزب اللہ کے مزاحمتی جنگجوؤں اور اسرائیلی قابض افواج کے درمیان کوئی براہ راست زمینی جھڑپ نہیں ہوئی ہے۔‘

اسرائیل کا لبنان میں زمینی کارروائی کا دعویٰ

اسرائیل نے کہا ہے کہ منگل کو جنوبی لبنان میں اس کے چھاتہ بردار دستوں اور کمانڈوز کے زمینی آپریشن کے بعد حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان میں کارروائیاں پیر کی رات شروع ہوئی تھیں اور اس میں ایلیٹ 98 ویں ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے جسے دو ہفتے قبل غزہ سے شمالی محاذ پر منتقل کیا گیا تھا۔فوج نے کہا کہ اس کی فضائیہ اور توپ خانہ جنوبی لبنان کے دیہات میں حزب اللہ کے خلاف ’محدود، مقامی اور ٹارگٹڈ زمینی چھاپوں‘ میں مصروف زمینی دستوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔دو لبنانی سکیورٹی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی یونٹس رات کو ہی کارروائیوں کے لیے لبنان میں داخل ہوئے تھے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ لبنانی فوجی بھی سرحد کے ساتھ اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹ گئے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے اہداف کے خلاف ٹارگٹڈ زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔بیان کے مطابق: ’یہ اہداف سرحد کے قریب دیہات میں واقع ہیں، جو شمالی علاقوں میں اسرائیلی آبادی کے لیے فوری خطرہ ہیں۔‘

یہ آپریشن کب تک جاری رہے گا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا لیکن اسرائیلی فوج نے کہا کہ ان کے فوجی حالیہ مہینوں میں اس مشن کے لیے تربیت اور تیاری کر رہے تھے۔اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس گروپ پر اس وقت تک حملے جاری رکھے گا جب تک کہ سرحد پر بے گھر ہونے والے اسرائیلیوں کے لیے اپنے گھروں کو واپس جانا محفوظ نہ ہو جائے۔دوسری جانب حزب اللہ نے منگل کو کہا کہ اس نے اسرائیل کے اندر قابض فوجیوں پر راکٹ اور توپ خانے سے حملے کیے ہیں، تاہم حزب اللہ نے اپنے بیان میں لبنان کے اندر اسرائیلی افواج کا کوئی ذکر نہیں کیا۔27 ستمبر کو اسرائیل کے لبنان پر فضائی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ مارے گئے تھے، جس کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم دہرایا تھا۔گذشتہ روز اسرائیل کی جانب سے زمینی کارروائیوں کے آغاز کے اعلان پر حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا تھا کہ اگر اسرائیل لبنان میں زمینی کارروائی کرنے کا خواہاں ہے تو حزب اللہ اس کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔

لبنانی فوج پیچھے ہٹ گئی

لبنانی فوج نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان میں اس کے فوجی اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹ گئے جو اس کے کچھ مانیٹرنگ پوائنٹس کی باقاعدہ جگہ بدلنے کا حصہ ہے۔
لبنان کی فوج تاریخی طور پر اسرائیل کے ساتھ براہ راست لڑائی میں حصہ نہیں لیتی اور گذشتہ سال سے جاری تنازع میں اس نے اسرائیل کے خلاف ایک گولی تک نہیں چلائی۔

متاثرین کے لیے امداد کی اپیل

لبنان حکومت اور اقوام متحدہ نے ڈونرز اور عالمی برادری سے جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے تقریباً نصف ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار عمران رضا نے منگل کو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعے سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے 426 ملین ڈالر کی اپیل کی۔

امریکہ کی اسرائیل کو حمایت کی پیشکش

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کو لبنان کی سرحد کے ساتھ (حزب اللہ کے) حملوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے اپنی حمایت کی پیشکش کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون چیف کا یہ بیان اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف لبنان میں زمینی حملے شروع کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بھی لبنان پر اسرائیل کی زمینی کارروائی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کے اسرائیل کے حق کی حمایت کرتے ہیں اور اس میں حسن نصراللہ جیسے ’سفاک دہشت گردوں‘ کو انصاف کے کٹہرے میں لانا بھی شامل ہے۔‘پیر کو سٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ہونے والی بریفنگ میں میتھیو ملر نے کہا: ’فوجی کارروائی کے ساتھ ساتھ ہم بالآخر مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے لیے ایک سفارتی حل دیکھنا چاہتے ہیں، جو اسرائیل کے شہریوں، لبنان کے شہریوں اور فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ وسیع تر خطے کے لیے طویل مدتی تحفظ فراہم کرے اور ہم اس حوالے سے اپنی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ ’اسرائیل کو حزب اللہ کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ اگر آپ دیکھیں کہ اسرائیل کی شمالی سرحد پر یہ تنازع کیسے شروع ہوا تو یہ حزب اللہ ہی تھی جس نے آٹھ اکتوبر کو اسرائیل پر حملے شروع کیے تھے اور یہ حملے مسلسل جاری رہے۔ حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ نے اسرائیل پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے لہذا اسرائیل کو ان حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے جس میں لبنان کے اندر دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔‘

امریکہ اور اسرائیل کا ایران کو انتباہ

اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کے قتل کے بعد ایران کو ایک انتباہ جاری کیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بن یامین نتن یاہو نے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں اسرائیل پہنچ نہیں سکتا۔دوسری جانب سوشل نیٹ ورک ایکس پر جاری پوسٹ میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے لبنان میں زمینی کارروائی کے جواب میں اسرائیل پر براہ راست حملہ کیا تو اسے اس کے ’سنگین نتائج‘ بھگتنا ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین