Thursday, March 12, 2026
homeاہم خبریںمشرقِ وسطیٰ میں عظیم جنگ کا خطرہ: حزب اللہ کا اسرائیل پر...

مشرقِ وسطیٰ میں عظیم جنگ کا خطرہ: حزب اللہ کا اسرائیل پر ‘آپریشن العصف المأکول’ کے تحت 100 راکٹوں سے حملہ

دبئی/بیروت/تل ابیب |

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی بارہویں دن ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ جہاں لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، وہیں حزب اللہ نے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا راکٹ حملہ کر کے ’آپریشن العصف المأکول‘ کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس تازہ ترین صورتحال نے عالمی معیشت اور توانائی کے شعبے میں زبردست ہلچل مچا دی ہے۔

میدانِ جنگ کی تازہ صورتحال: حزب اللہ اور ایران کا مشترکہ وار

بی بی سی عربی اور رائٹرز کے مطابق، حزب اللہ نے جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل پر اپنا سب سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں تقریباً 100راکٹ ایک ساتھ داغے گئے۔ اسرائیلی دفاعی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ یہ شمالی اسرائیل پر حزب اللہ اور ایران کا مشترکہ میزائل حملہ تھا۔ اس آپریشن کو ‘العصف المأکول’ کا نام دیا گیا ہے، جس کے بعد اسرائیل کے سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات (ضاحیہ) میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

توانائی کا بحران: آبنائے ہرمز کی ‘عملی بندش’ اور 200 ڈالر تیل کی دھمکی

ایران کے فوجی مرکز ‘خاتم الانبیاء’ کے ترجمان ابراہیم ذو الفقاری نے امریکہ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اب 200 ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت کے لیے تیار رہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کی تباہی کا ذمہ دار امریکہ ہے اور اب تیل کی سپلائی سیکیورٹی سے جڑی ہوئی ہے۔

آبنائے ہرمز کی ”عملی بندش” نے دنیا بھر میں توانائی کے بحران کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) نے اپنے ہنگامی ذخائر سے 40کروڑ بیرل تیل نکالنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے، جو ایجنسی کے کل ذخائر کا تقریباً ایک تہائی حصہ ہے۔

انسانی المیہ اور عالمی سپلائی چین کی تباہی

اقوام متحدہ کے ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے متنبہ کیا ہے کہ خلیجی فضائی حدود اور بحری راستوں کی بندش سے غزہ، سوڈان اور صومالیہ جیسے بحران زدہ علاقوں تک امداد کی ترسیل رک گئی ہے۔ سپلائی چین ٹوٹنے سے خوراک اور توانائی کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھنے کا خدشہ ہے، جس سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

عوامی چیخ و پکار: ”نظام کو ختم کریں، لوگوں کو نہیں ‘

قطر میں مقیم ایک 12 سالہ بچی نے بی بی سی کو بتایا کہ ”بم دھماکے ہماری عمارتوں کے اوپر ہو رہے تھے”۔ اسی طرح ایرانی سرحد پر موجود ایک متاثرہ شہری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ ”مہربانی کر کے اس جنگ کو ختم کریں، آپ نظام کو نشانہ بنائیں لیکن عام شہریوں کی جانیں نہ لیں ”۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین