Saturday, September 7, 2024
homeدنیاعالمِ اسلام کے ممتاز عالم و مفکر علامہ یوسف قرضاوی کا انتقال

عالمِ اسلام کے ممتاز عالم و مفکر علامہ یوسف قرضاوی کا انتقال

عالم اسلام کے ممتاز عالم،مفکر،فقیہ،داعی ،ادیب و شاعر شیخ یوسف القرضاوی کا آج تقریباً چھیانوے سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔یہ اطلاع ان کے ذاتی ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی ہے۔ ان کا وطنی تعلق مصر سے تھا اور انھوں نے تعلیم جامع ازہر سے حاصل کی تھی،جبکہ طویل عرصے سے قطر میں مقیم تھے۔ان کی عملی زندگی نہایت سرگرم رہی۔ شروع میں مصری وزارت مذہبی امور میں کام کیا۔ پھر وہ قطر چلے گئے جہاں مختلف مختلف یونیورسٹیوں میں تدریسی خدمات سر انجام دیتے رہے۔ اسی طرح وہ الجزائر کی یونیورسٹیوں میں مختلف ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ ان کا اخوان المسلمون کے بانی امام حسن البنا سے گہرا تعلق رہا۔ اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق کی بنیاد پر انہیں پہلی بار 1949 میں جیل بھی جانا پڑا۔ایک طویل عرصہ تک وہ اخوان المسلمون میں سرگرم رہے ،اس دوران انہیں اخوانی قیادت نے مختلف مناصب کی پیش کش کی لیکن انہوں نے انہیں قبول نہیں کیا۔ انہیں عرب دنیا ہی نہیں تمام عالمِ اسلام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔ حالاتِ حاضرہ کے تقاضوں سے کماحقہ آگاہ ایک روشن ضمیر فقیہ و عالم و مفکر کے طورپر ان کی شناخت تھی اور ان کی تحریروں سے بے شمار لوگوں نے استفادہ کیا۔شیخ قرضاوی نے کم و بیش پونے دو سو کتابیں تالیف کیں جن میں سے زیادہ تر عصری مسائل اور فقہی قوانین سے متعلق ہیں اور عصر حاضر میں مسائل شرعیہ کی عمدہ تشریح پیش کرتی ہیں۔شیخ قرضاوی عربی زبان کے ایک شگفتہ نگار ادیب اور عمدہ شاعر بھی تھے۔انھوں نے بے شمار عالمی مسائل میں مسلمانوں کی رہنمائی کی،اعتدال و وسطیت کے قرآنی تصور کو عام کیا اور ہر قسم کے فکری چیلنج کو ایڈریس کرتے رہے۔شیخ قرضاوی کوان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں مختلف اداروں کی طرف سے اعزازات پیش کیے گئے جبکہ وہ بہت سے علمی،فقہی و فکری اداروں کی سرپرستی بھی کرتے رہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین