حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ منگل 27 جون کو ادا کیا جا رہا ہے۔
سال 1444 کے خطبہ حج کے لیے کبار علما کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید کو مقرر کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
العریبیہ اردو کی ایک رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شیخ ڈاکٹر یوسف یوم عرفہ پر خطبہ حج دیں گے، جس کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ شیخ ڈاکٹر ماھر بن حمد المعیقلی کو مسجد الحرام کے مبلغ اور معاون امام کے طور پر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر یوسف امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں عقیدہ ومعاصر ادیان کے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔
وہ پانچ سال یونیورسٹی کی مقالہ امتحانی کمیٹی کے رکن رہے۔ اس کے علاوہ وہ دو سال کے لیے یونیورسٹی کی ڈین شپ آف سائنٹفک ریسرچ کی کونسل کے رکن رہے۔ پوسٹ گریجویٹ سٹڈیز کی ڈین شپ کی کونسل کے رکن رہے۔ وہ 1415ھ سے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں لیکچرر ہیں۔
ڈاکٹر یوسف 1419 ہجری میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر بنے۔ 1423 سے لے کر 1425 ہجری میں وہ یونیورسٹی کے شعبہ عقیدہ و عصری مذاہب کے سربراہ رہے۔
1427 ہجری میں وہ امام محمد بن سعود یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسربن گئے۔
ڈاکٹر یوسف نے ریاض کے کالج آف فنڈامینٹلز آف ریلیجن سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 1415 ہجری میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور اس کے لیے مقالہ لکھا۔
1418 ہجری میں انہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ انہوں نے متعدد سائنسی مقالوں کی نگرانی کی اور ان پر متعدد یونیورسٹیوں میں گفتگو کی۔
2020 میں انہیں سینیئر سکالرز کی کونسل کا رکن مقرر کرنے کا شاہی حکم جاری کیا گیا تھا۔