Wednesday, January 15, 2025
homeاہم خبریںآر ایس ایس کے بنگلہ میگزین ”سواتیکا“کا دعویٰ ”کانگریس مکت بھارت“ ممتا...

آر ایس ایس کے بنگلہ میگزین ”سواتیکا“کا دعویٰ ”کانگریس مکت بھارت“ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم مودی کامشترکہ خواب ہے

مغربی بنگال میں آر ایس ایس سے وابستہ ایک بنگلہ میگزین”سواتیکا“ میں شائع ایک مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی کے ”کانگریس مکت بھارت“ کے خواب کی تعبیر کررہی ہیں اور ممتا بنرجی کے حالیہ اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی طرح ان کا بھی ”کانگریس مکت بھارت“ کا خواب ہے۔
آر ایس ایس سے وابستہ بنگالی میگزیں میں اس مضمون کی اشاعت کے بعد کانگریس نے بی جے پی اور ممتا بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے۔جب کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں نے اس مضمون کو مستردکردیا ہے۔


13دسمبر کے شمارے میں نرملا مکھوپادھیائے کا ایک مضمون ”ممتا بنرجی تاریخ کو مٹانے کی خواہش کیوں رکھتی ہیں، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے یا پھر سونیا گاندھی کوتباہ کرنے‘کیلئے“شائع ہوا ہے۔اس مضمون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نئی دہلی میں ممتا بنرجی کی ملاقات اور اس کے بعد ہی کانگریس کے تئیں ممتا بنرجی کے بدلتے تیور کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی دونوں کا ”کانگریس مکت بھارت“ مشترکہ خواب ہے۔جس کی تعبیر کیلئے ممتا بنرجی کوشاں ہے۔
کانگریس کے تئیں ممتا بنرجی کے بدلتے رخ اور حالیہ بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لگتا ہے کہ یہ وہی ممتا بنرجی نہیں ہیں جو چند ماہ قبل تک نظر آتی تھیں۔نریندر مودی نے جو ”کانگریس مکت بھارت“ کا خواب دکھایا گیا تھا۔مجھے لگتا ہے کہ ممتا بھی اب اسی خواب پر یقین رکھتی ہیں۔ اسی لیے وہ اس کی تعبیر کے لیے تاریخ کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ چناں چہ اس خواب کی تعبیر کیلے ممتا بنرجی سیاسی حساب کے تحت اپنے دشمنوں اور معلوم حریفوں کو قریب لارہی ہیں۔
اس مضمون کی اشاعت کے بعد مختلف حلقوں میں الگ الگ تبصرے ہورہے ہیں۔تاہم میگزین کے ایڈیٹر رنجن بیرا نے اس پرکوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔جب کہ مغربی بنگال آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری نے جشنو باسو نے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک پورے مضمون کو نہیں پڑھا ہے۔اس کو پڑھنے کے بعد ہی وہ تبصرہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مضمون نگار کا جوبھی موقف ہو مگر حقیقت یہ ہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی کے 63کارکنان کو ہلاک کیا گیا ہے۔
آر ایس ایس کے ذرائع نے بتایا کہ میگزین اس تنظیم سے منسلک ہے کیونکہ اس کی ادارتی اور انتظامی کمیٹی میں آر ایس ایس کا پس منظر رکھنے والے کئی لوگ شامل ہے۔ریاستی بی جے پی کے ترجمان شیامک بھٹاچاریہ نے آرٹیکل کو ”بے بنیاد“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا پارٹی کی پالیسی یا موقف سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔”سواستیکا“ آر ایس ایس سے منسلک رسالہ ہو سکتا ہے، لیکن اس میں بہت سے مضامین آتے ہیں جو ہماری پالیسیوں اور اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے“۔؎
ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر و ترجمان کنال گھوش نے بی جے پی کے ساتھ افہام و تفہیم کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”بی جے پی کے ساتھ افہام و تفہیم کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ممتا بنرجی زعفرانی کیمپ کے خلاف سب سے مضبوط اپوزیشن چہرہ ہیں۔
تاہم کانگریس نے کہا کہ ”بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے“۔کانگریس لیڈر پردیپ بھٹاچاریہ نے کہاکہ ”راز اب کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ایک طویل عرصے سے، ہم کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہے اور کانگریس کو تباہ کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کو دوسری ریاستوں میں پیر جمانے میں ناکامیوں کا سامنا ہے اس لئے وہ اب کانگریس کے خلاف محاذ آرائی کررہی ہیں۔
خیال رہے گزشتہ چند مہینوں میں ترنمول کانگریس نے کھلے عام کانگریس کی سخت تنقید کی ہے۔گرچہ راہل گاندھی یاپھر سونیا گاندھی نے ترنمول کانگریس کی تنقید نہیں ہی کی ہے مگر ممتا بنرجی اشاروں میں راہل گاندھی کی سخت تنقید کرچکے ہیں۔ترنمول کانگریس کے ترجمان اخبارجاگو بنگلہ میں بھی مسلسل کانگریس کی تنقید ہوتی رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین