Friday, July 19, 2024
homeاہم خبریںNobel Prize 2023: ایرانی حقوق انسانی کارکن نرگس محمدی کو ملا امن...

Nobel Prize 2023: ایرانی حقوق انسانی کارکن نرگس محمدی کو ملا امن کا نوبل انعام

نرگسی محمدی ایک ایرانی حقوق انسانی کارکن ہیں جو ڈیفینڈر آف ہیومن رائٹس سنٹر (ڈی ایچ آر سی) کی نائب سربراہ رہ چکی ہیں۔

نوبل پرائز 2023 کے انعام یافتگان کے ناموں کا اعلان روزانہ کیا جا رہا ہے۔ آج نوبل کمیٹی نے امن کے شعبہ میں بھی نوبل پرائز حاصل کرنے والی شخصیت کا نام ظاہر کر دیا۔ اس مرتبہ نوبل امن انعام ایران کی نرگس محمدی کو دیا گیا ہے جو کہ مشہور حقوق انسانی کارکن ہیں۔ انھیں یہ اعزاز ایران میں خواتین کے استحصال کے خلاف لڑائی اور سبھی کے لیے حقوق انسانی و آزادی کو فروغ دینے کی ان کی لڑائی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

قابل کر بات یہ ہے کہ نرگس محمدی کو جس وقت یہ اعزاز مل رہا ہے، وہ جیل میں قید ہیں۔ نرگس محمدی ڈیفنڈر آف ہیومن رائٹس سنٹر (ڈی ایچ آر سی) کی نائب سربراہ رہ چکی ہیں۔ وہ ایران میں ڈیتھ پینالٹی (سزائے موت) کو ختم کرنے اور قیدیوں کے حقوق کی سیکورٹی کے لیے وکیل رہی ہیں۔ محمدی کو اپنے حقوق انسانی کے کاموں کے سبب کئی بار جیل بھی جانا پڑا ہے۔


بہرحال، نوبل انعام 2023 کے پیش نظر مختلف شعبوں میں انعامات کے اعلان کا سلسلہ 2 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ پہلے دن فیزیولوجی یا طب کے شعبہ میں کیٹالن کاریکو اور ڈرو ویسمین کو نوبل انعام دینے کا اعلان ہوا۔ انھیں نیوکلیوسائیڈ بیس ترامیم سے متعلق ان کی دریافتوں کے لیے یہ اعزاز دیا گیا۔ اس دریافت کی وجہ سے کورونا وائرس یعنی کووڈ-19 کے خلاف اثردار ایم آر این اے ٹیکوں کے ڈیولپمنٹ میں مدد ملی۔

دوسرے دن یعنی 3 اکتوبر کو طبیعیات شعبہ کے لیے نوبل پرائز 2023 کا اعلان ہوا۔ طبیعیات (فزکس) کے لیے 2023 کا نوبل انعام مشترکہ طور پر پیرے آگسٹنی، فیرینس کراؤسز اور اینی ایل ہویلیر کو دیا گیا۔ الیکٹرانس پر مطالعہ کے لیے یہ اعزاز تینوں سائنسدانوں کو ملا ہے۔ ایوارڈ ان تجرباتی طریقوں کے لیے دیا گیا ہے جس میں کسی شئے میں الیکٹران کی رفتار کے مطالعہ کے لیے روشنی کے ایٹوسیکنڈ پلس پیدا کیے گئے۔

تیسرے دن، یعنی 4 اکتوبر کو کیمسٹری کے لیے مشترکہ طور پر مونگی جی. باوینڈی، لوئس ای. بروس اور الیکسی آئی. ایکیموو کو دیا گیا۔ مونگی باوینڈی میساچوئٹس انسٹی آف ٹیکنالوجی سے جڑے ہوئے ہیں اور لوئس بروس کولمبیا یونیورسٹی سے منسلک ہیں، جبکہ الیکسی ایکیموو کا تعلق نینوکرسٹل ٹیکنالوجی سے ہے۔ انھیں یہ نوبل پرائز کوانٹم ڈاٹس کی دریافت اور ترکیب کے لیے دیا گیا ہے۔

5 اکتبور کو نوبل کمیٹی نے ادب کے لیے نوبل پرائز 2023 کا اعلان کیا تھا۔ اس شعبہ میں ناروے کے مشہور مصنف جان فاسے کو نوبل انعام سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فاسے کو ان کے ڈراموں اور نثر کے لیے یہ اعزاز بخشا گیا ہے جو کہ بے آوازوں کی آواز بنا۔ نوبل پرائز کے کارن کلاسن نے جان فاسے کو 2023 کے لیے نوبل انعام برائے ادب دیے جانے سے متعلق سویڈش اکیڈمی میں نوبل کمیٹی کے سربراہ اینڈرس اولسن سے انٹرویو کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’فاسے کی تحریر آپ کے گہرے جذبات کو چھوتی ہے، یعنی پریشانی، عدم تحفظ، زندگی اور موت کے سوالات قائم کرتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

تازہ ترین