انصاف نیوز آن لائن
آسام کے بنگالی مسلمانوں کے خلاف وزیر اعلیٰ ہیمانت بسواس شرما کے توہین آمیز بیان کے بعد آسام حکومت نے ریاست میں موجود ’سودیشی مسلمانوں‘ سے متعلق آج ایک انتہائی اہم فیصلہ لیا ہے۔ حکومت نے 3 اکتوبر کو کہا کہ وہ ریاست کے پانچ سودیشی مسلم طبقات کی معاشی و سماجی حالت کی تشخیص کرائے گی تاکہ ان کے فلاح کے لیے سرکاری منصوبے تیار کیے جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے سکریٹریٹ میں سینئر افسران کے ساتھ اس معاملے پر آج میٹنگ بھی کی۔
آسام کے وزیر اعلیٰ دفتر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں آج ہوئی میٹنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’جنتا بھون میں ایک میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ آسام کے سودیشی مسلم طبقات (گوریا، موریا، دیشی، سید اور جولہا) کی معاشی و سماجی حالت کو لے کر سروے کریں۔‘‘
وزیر اعلیٰ دفتر کا کہنا ہے کہ معاشی و سماجی حالت کی تشخیص کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد اس کی بنیاد پر ریاستی حکومت سودیشی اقلیتوں کے سماجی و معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے سرکاری منصوبے بنائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ اتوار کو ہی آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے مسلمانوں کے تعلق سے ایسا بیان دیا تھا جو تنازعہ کا شکار ہو گیا تھا۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بی جے پی کو ’چار کے میاں لوگوں‘ کا اگلے دس سالوں تک ووٹ نہیں چاہیے۔ چار کے میاں لوگوں سے وزیر اعلیٰ کا مطلب بنگالی بولنے والے مسلم طبقہ سے تھا۔