Wednesday, December 4, 2024
homeہندوستانکیرالہ اسمبلی میں یونیفارم سول کوڈ کے خلاف قرارداد پاس، وزیر اعلیٰ...

کیرالہ اسمبلی میں یونیفارم سول کوڈ کے خلاف قرارداد پاس، وزیر اعلیٰ وجین نے مرکز کو بنایا تنقید کا نشانہ

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے منگل کے روز ریاستی اسمبلی یونیفارم سول کوڈ کے خلاف ایک قرارداد پیش کیا، جو اتفاق رائے سے پاس بھی ہو گیا۔ مرکزی حکومت نے ملک میں یکساں شہری قانون (یو سی سی) نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، لیکن اس کے خلاف پورے ملک میں آواز اٹھ رہی ہے، خصوصاً اقلیتی طبقہ اس قانون کو لے کر تشویش میں مبتلا ہے۔ ایسے میں کیرالہ اسمبلی میں یو سی سی کے خلاف قرارداد پاس ہونا کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

آج کیرالہ اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیرالہ اسمبلی یو سی سی نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے قدم سے فکرمند اور مایوس ہے۔ وجین نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو یکطرفہ اور جلد بازی میں اٹھایا گیا قدم بتایا۔ انھوں نے کہا کہ سَنگھ پریوار نے جس یو سی سی کا تصور کیا ہے، وہ آئین کے موافق نہیں ہے، بلکہ یہ ہندو شاستر ’منو اسمرتی‘ پر مبنی ہے۔ وجین کا کہنا ہے کہ ’’آر ایس ایس فیملی نے یہ بہت پہلے ہی واضح کر دیا ہے۔ وہ آئین میں موجود کسی چیز کو نافذ کرنے کی کوشش نہیں کر رہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت جب مذہبی آزادی کی گارنٹی دی گئی ہے، ایسے میں اس پر روک لگانے والا کوئی بھی قانون آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ وجین نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 44 صرف یہ کہتا ہے کہ حکومت یکساں شہری قانون قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا کوئی بھی قدم بحث کے بعد لوگوں کے درمیان عام اتفاق بننے پر اٹھایا جانا چاہیے اور ایسا نہیں کرنا فکر انگیز ہے۔

متعلقہ خبریں

تازہ ترین